Thursday, December 18, 2014

ہمیشہ کی سلامتی

ہمیشہ کی سلامتی 
تین دنوں سے  پشاور میں ظالم دشمنان اسلام کی بزدلانہ كاروائی  میں معصوم  عورتوں ‘ بچوں  اور فوجی جوانوں کی   شہادتوں  کی دلخراش تصاویر اور ویڈیوز  دیکھ دیکھ کرپوری قوم کا جو حال ہے وہ بیان سے باہر ہے۔
ان تصاویر اور ویڈیوز   کے ساتھ ساتھ  میری  تصور کی نگاہ  نے مجھے کچھ اور بھی  ویڈیوز دکھاتی رہی ہے۔ اس وقت بھی ایک ایسی ہی ویڈیو دکھا رہی ہے جو میں آپ لوگوں کو بھی دکھانا چاہتا ہوں۔
میری نگاہیں اللہ کے ایک ایسے بندے کو دیکھ رہی  ہے جو نہایت ہی بوڑھا اور کمزور ہوچکا ہے ‘ اسکے سر میں چاندی چمک رہی ہے۔  اسکی بیوی بھی بوڑھی ہے اور بانجھ بھی یعنی اسکی اپنی کوئی اولاد بھی نہیں ہے۔
 لیکن اس بوڑھے کی  کفالت میں ایک ایسی بچی ہے‘ جسے اللہ نے نذر میں  بخوشی قبول فرمایااور اُسے بڑی اچھی لڑکی بنایا۔ (اس بچی کو آج ہم مریم علیہ السلام کے نام سے جانتے ہیں۔)
بچی اب بڑی ہو چکی ہے اور الگ کمرے میں رہتی ہے۔
 یہ دونوں میاں بیوی اس بچی کی  دیکھ بھال کیلئے  اسکے کمرے میں آتے  جاتے رہتے ہیں۔
لیکن جب بھی اس  کے کمرے میں جاتے ہیں وہاں (نئی سے نئی) کھانے کی چیزیں موجود پاتے ہیں۔
پوچھتے ہیں : بیٹی یہ چیزیں تمہارے پاس کہاں سے آئی
وہ جواب دیتی ہے:
۔۔۔  هُوَ مِنْ عِندِ اللَّـهِ ۖ إِنَّ اللَّـهَ يَرْزُقُ مَن يَشَاءُ بِغَيْرِ حِسَابٍ ﴿٣٧﴾سورة آل عمران
 ’’ اللہ کے پاس سے آیا ہے، اللہ جسے چاہتا ہے بے حساب رزق دیتا ہے ‘‘
اللہ کی بے  اس بے بہا رحمت کو  دیکھ اپنی پیرانِ عمری اور اپنی بیوی کی بانجھ پن کے با وجود  بوڑھی ہاتھیں اُٹھیں اور لب تھر تھرائے:
۔۔۔  رَبِّ هَبْ لِي مِن لَّدُنكَ ذُرِّيَّةً طَيِّبَةً ۖ إِنَّكَ سَمِيعُ الدُّعَاءِ ﴿٣٨﴾ سورة آل عمران
" پروردگار! اپنی قدرت سے مجھے نیک اولاد عطا کر تو ہی دعا سننے والا ہے"
ساتھ ساتھ ہی دعا قبول ہو جاتی  ہے‘
يَا زَكَرِيَّا إِنَّا نُبَشِّرُكَ بِغُلَامٍ اسْمُهُ يَحْيَىٰ لَمْ نَجْعَل لَّهُ مِن قَبْلُ سَمِيًّا ﴿٧﴾ سورة مريم
(جواب دیا گیا) " اے زکریاؑ، ہم تجھے ایک لڑکے کی بشارت دیتے ہیں جس کا نام یحییٰؑ ہو گا ہم نے اِس نام کا کوئی آدمی اس سے پہلے پیدا نہیں کیا"
یہ بوڑھے آدمی اللہ کے نبی حضرت زکریا علیہ السلام  اور پیدا ہونے والا بچہ بھی اللہ کا نبی حضرت یحییٰ علیہ السلام  ہیں۔
اس بوڑھے میاں اور بانجھ بیوی کے یہاں اللہ کی قدرت سے  ایک ایسے بچے کی پیدائش ہوتی ہے جس کا نام بھی اللہ خود رکھتا ہے  جو نام اس سے پہلے کسی اور کا نہیں ہوتا اور جس کی تعریف  اللہ سبحانہ و تعالیٰ خود ہی بیان کرتا ہے۔
اور  اللہ سبحانہ و تعالیٰ انہیں سلامتی دیتے ہیں:
وَسَلَامٌ عَلَيْهِ يَوْمَ وُلِدَ وَيَوْمَ يَمُوتُ وَيَوْمَ يُبْعَثُ حَيًّا ﴿١٥﴾ سورة مريم
" اور سلامتی ہے اس پر جس دن پیدا ہوئے اور جس دن انہیں موت آئی اور جس دن وہ دوبارہ زندہ اٹھائے جائیں گے "

اب میں تصور میں یہ دلخراش منظر بھی دیکھ رہا ہوں کہ حضرت یحییٰ علیہ السلام  کوایک فاحشہ عورت کی فرمائش پر شہید کرکے ان کا سر اور خون اُس فاحشہ کو پیش کیا جا رہا ہے۔
 اللہ سبحانہ و تعالیٰ نے تو  اپنے  نبی کو موت کے وقت بھی سلامتی دینے کا وعدہ کر چکا تھا  ۔۔۔   پھر ۔۔۔  پھر ۔۔۔
پھر اللہ نے اپنا وعدہ پورا کیا...
" اپنے نبی کو شہادت کا رتبہ دیکر۔"
شہادت سے بڑھ کر اور کیا سلامتی ہوگی  کیونکہ شہید تو زندہ ہیں‘ سلامتی کے ساتھ۔ ہیں.
حضرت عبداللہ بن عمرو  ؓ نے فرمایا:
 ’’ ہر شخص اللہ سے کوئی نہ کوئی گناہ  (یا غلطی) لے کر ملے گا ‘ سوائے حضرت یحییٰ علیہ السلام  کے ۔
پھر یہ آیت ( وَ سَیِّدًا وَّ حَصُوۡرًا ) ’’ سردار اور ضابط نفس ‘‘ ۔ (آلِ عمران ۔۳۹) ۔
پھر زمین سے ایک تنکا اُٹھاکر فرمایا: ان کے پاس اتنا تھا۔ پھر انہیں شہادت بھی نصیب ہو گئی۔‘‘
عام طبعی موت مرنے والے تو مر جاتے ہیں  اور قیامت تک عالمِ برزخ میں  مردہ رہیں گے اور پھر آخرت میں حساب کتاب کے بعد ہی انہیں جنت میں داخلہ کے ساتھ سلامتی ملے گی
لیکن
شہید تو زندہ  ہیں سلامتی کے ساتھ۔ اپنے رب کے پاس رزق پا رہے ہیں
اللہ تعالیٰ نے اپنا فضل جو انہیں دے رکھا ہے اس سے بہت خوش ہیں اور خوشیاں منا رہے
اللہ کا فرمان ہے:
وَلَا تَحْسَبَنَّ الَّذِينَ قُتِلُوا فِي سَبِيلِ اللَّـهِ أَمْوَاتًا ۚ بَلْ أَحْيَاءٌ عِندَ رَبِّهِمْ يُرْزَقُونَ ﴿١٦٩﴾فَرِحِينَ بِمَا آتَاهُمُ اللَّـهُ مِن فَضْلِهِ وَيَسْتَبْشِرُونَ بِالَّذِينَ لَمْ يَلْحَقُوا بِهِم مِّنْ خَلْفِهِمْ أَلَّا خَوْفٌ عَلَيْهِمْ وَلَا هُمْ يَحْزَنُونَ ﴿١٧٠﴾ يَسْتَبْشِرُونَ بِنِعْمَةٍ مِّنَ اللَّـهِ وَفَضْلٍ وَأَنَّ اللَّـهَ لَا يُضِيعُ أَجْرَ الْمُؤْمِنِينَ ﴿١٧١﴾ سورة آل عمران
" جو لوگ اللہ کی راہ میں قتل ہوئے ہیں انہیں مردہ نہ سمجھو، وہ تو حقیقت میں زندہ ہیں، اپنے رب کے پاس رزق پا رہے ہیں۔ اللہ تعالیٰ نے اپنا فضل جو انہیں دے رکھا ہے اس سے بہت خوش ہیں اور خوشیاں منا رہے ہیں ان لوگوں کی بابت جو اب تک ان سے نہیں ملے ان کے پیچھے ہیں، اس پر کہ انہیں نہ کوئی خوف ہے اور نہ وه غمگین ہوں گے۔ وہ اپنے پروردگار کی نعمت, اس کے فضل اور اس کے وعدہ سے خوش ہیں کہ وہ صاحبانِ ایمان کے اجر کو ضائع نہیں کرتا۔"
16 دسمبر کو ہمارے جن بچوں کو ‘ ماں بہنوں اور فوجی جوانوں کو شہید کیا گیا اگرچہ غم سے ہمارے سینے چھلنی ہیں لیکن ہم  اپنے دلوں کو اس بات سے تسلی دےسکتے ہیں  کہ ہمارے یہ شہداء اللہ رب العزت کے پاس سلامتی کے ساتھ  زندہ ہیں ‘ اللہ کی عطا کردہ نعمتوں سے لطف اندوز ہو رہے ہیں‘ بہت خوش ہیں اور خوشیاں منا رہے  ہیں کہ  اللہ نے انہیں  بغیر حساب کتاب کے ہمیشہ کی سلامتی  والی زندگی عطاء کیا۔

No comments:

Post a Comment